غزہ میں خستہ حال عمارت منہدم، بچوں سمیت 20 فلسطینی جاں بحق

غزہ میں اسرائیلی حملوں سے پہلے ہی متاثر ہونے والی ایک خستہ حال عمارت اچانک منہدم ہوگئی، جس کے نتیجے میں بچوں سمیت 20 فلسطینی جاں بحق ہوگئے۔

عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ عمارت میں کئی بے گھر فلسطینی خاندان پناہ لیے ہوئے تھے۔ عمارت اسرائیلی بمباری کے دوران شدید نقصان کا شکار ہوچکی تھی اور اس کی حالت پہلے ہی مخدوش تھی۔

رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ عمارت کے ملبے تلے تقریباً 100 افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ہے۔ متاثرین کو تلاش کرنے اور ملبے سے نکالنے کے لیے امدادی ٹیموں کی کارروائیاں جاری ہیں، جبکہ اب تک 12 افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے۔

غزہ سول ڈیفنس کے مطابق مسلسل اسرائیلی بمباری اور ناکا بندی کے باعث علاقے میں بڑی تعداد میں کمزور اور جزوی طور پر تباہ شدہ عمارتیں موجود ہیں، جن میں رہائش اختیار کرنا شہریوں کے لیے انتہائی خطرناک ہوچکا ہے۔

امدادی کارکن ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں، تاہم مسلسل حملوں اور محدود وسائل کے باعث ریسکیو کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔