آسٹریلیا میں غیر ملکی طلبہ کے لیے امیگریشن قوانین مزید سخت کرنے کی تیاری
آسٹریلوی حکومت نے غیر ملکی طلبہ سے متعلق امیگریشن پالیسی مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت بیرونِ ملک سے آنے والے طلبہ کے لیے نئے ضوابط متعارف کرائے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق آسٹریلیا میں تعلیم کے لیے آنے والے غیر ملکی طلبہ کو آئندہ اپنے شریک حیات اور بچوں کو ساتھ لانے کی اجازت نہیں ہوگی۔ حکومت کی جانب سے طلبہ کے ویزوں کی مدت سے متعلق قوانین میں بھی مزید سختی کیے جانے کا امکان ہے۔
امیگریشن قوانین پر مؤثر عمل درآمد اور نگرانی کے لیے آسٹریلوی حکومت مزید 100 اہلکار بھرتی کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔
اس کے علاوہ حکومت ایک قرنطینہ مرکز کو امیگریشن حراستی مرکز میں تبدیل کرکے استعمال کرنے کی تجویز پر بھی غور کر رہی ہے، جس کا مقصد امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی سے متعلق کارروائیوں کے لیے اضافی سہولت فراہم کرنا ہے۔