پیٹرولیم لیوی کے معاملے پر حکومت کا جماعت اسلامی سے دوبارہ رابطہ

پیٹرولیم لیوی کے خاتمے کے مطالبے پر جاری احتجاج اور مجوزہ لانگ مارچ کے معاملے پر وفاقی حکومت نے جماعت اسلامی سے ایک بار پھر مذاکرات کے لیے رابطہ کرلیا ہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے جماعت اسلامی کے نائب امیر لیاقت بلوچ سے ٹیلی فون پر گفتگو کی اور ہفتے کے روز مذاکرات منعقد کرنے کی خواہش ظاہر کی۔

احسن اقبال نے کہا کہ حکومت معاملات کو بات چیت اور مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتی ہے، اسی لیے جماعت اسلامی کی قیادت سے دوبارہ مذاکرات کی درخواست کی گئی ہے۔

دوسری جانب لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکومتی پیشکش پر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمٰن اور دیگر سینیئر رہنماؤں سے مشاورت کے بعد جواب دیا جائے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ پیٹرولیم لیوی کے خاتمے تک جماعت اسلامی کا احتجاج جاری رہے گا۔

حکومت اور جماعت اسلامی کے درمیان اس معاملے پر مذاکرات کے پہلے ہی چار ادوار ہوچکے تھے، جبکہ تازہ رابطے کے بعد پانچویں دور کی بات چیت کی کوشش کی جارہی ہے۔