حریم فاروق کا ’مینگو جٹ‘ لانچ ایونٹ میں نیا لک توجہ کا مرکز بن گیا

پاکستانی اداکارہ حریم فاروق کی نئی فلم ’مینگو جٹ‘ کی لانچ تقریب میں ان کا منفرد انداز مداحوں اور سوشل میڈیا صارفین کی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

تقریب کے لیے حریم فاروق نے ایپل گرین رنگ کی مختصر سلک کُرتی کا انتخاب کیا، جسے انہوں نے بیج اور سی گرین رنگ کی جامہ وار گھیر دار شلوار اور آرگنزا دوپٹے کے ساتھ اسٹائل کیا۔

ایونٹ کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد بعض صارفین نے اداکارہ کے لباس، فٹنگ اور اسٹائلنگ پر اپنی رائے کا اظہار کیا۔ کچھ تبصروں میں حریم فاروق کے وزن کو بھی موضوع بنایا گیا۔

تاہم متعدد سوشل میڈیا صارفین اداکارہ کے دفاع میں سامنے آئے اور وزن سے متعلق تبصروں کو نامناسب قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی فنکار کے لباس یا اسٹائل پر رائے دی جاسکتی ہے، تاہم ذاتی جسمانی ساخت کو تنقید کا نشانہ بنانا مناسب نہیں۔

حریم فاروق ان دنوں فلم ’مینگو جٹ‘ کی تشہیری سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔ فلم میں وہ اداکار فیصل قریشی کے ساتھ مرکزی کردار میں نظر آئیں گی، جبکہ شمون عباسی بھی فلم کا حصہ ہیں۔