کوہاٹ پولیس لائنز دھماکہ، جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی
کوہاٹ کی پرانی پولیس لائنز میں مسجد کے قریب ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 22 ہوگئی ہے۔ حکام کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والا ایک اور شخص دورانِ علاج دم توڑ گیا۔
سیکیورٹی فورسز نے پرانی پولیس لائنز میں دہشت گردوں کے خلاف کلیئرنس آپریشن مکمل کرلیا ہے۔ سی ٹی ڈی حکام کے مطابق کارروائی کے دوران 8 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ ایلیٹ فورس اور سی ٹی ڈی اہلکاروں نے پولیس لائنز کی عمارتوں کے اہم حصوں کو کلیئر کرلیا۔
حکام کے مطابق آپریشن کے دوران ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی قمر جواد بھی زخمی ہوئے۔ کارروائی میں ہلاک ہونے والے دہشت گردوں کی لاشیں پولیس لائنز کے احاطے سے منتقل کرنے کا عمل جاری ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں 15 پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، جبکہ 125 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔ شہید پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ بھی ادا کردی گئی ہے۔
دھماکے کے 8 زخمیوں کو پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔ اسپتال میں اس وقت 6 پولیس اہلکاروں اور ایک شہری کا علاج جاری ہے، جبکہ ایک زخمی کو گزشتہ رات طبی امداد کے بعد گھر بھیج دیا گیا۔ زیرِ علاج زخمیوں کی حالت تسلی بخش بتائی گئی ہے۔