لاہور میں ہلڑ بازی، روڈ ریج اور خطرناک ڈرائیونگ کے خلاف کریک ڈاؤن

لاہور ٹریفک پولیس نے شہر میں ہلڑ بازی، روڈ ریج، ریسنگ، ڈرفٹنگ اور موٹرسائیکلوں و گاڑیوں میں غیر قانونی سائلنسر کے استعمال کے خلاف کارروائیاں تیز کردی ہیں۔

پولیس کے مطابق ڈیفنس فیز 6 انڈرپاس میں روڈ بلاک کرنے، ہلڑ بازی اور شہریوں میں خوف و ہراس پیدا کرنے کے الزام میں ایک اور گاڑی کو تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق مذکورہ گاڑی کا ڈرائیور بعد ازاں مال روڈ پر خطرناک انداز میں گاڑی چلاتے ہوئے بھی پکڑا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم سوشل میڈیا پر خطرناک ڈرائیونگ اور ڈرفٹنگ کی متعدد ویڈیوز بھی شیئر کرچکا ہے۔

پولیس نے ملزم کے خلاف تھانہ اسلام پورہ میں مقدمہ درج کرلیا، جس میں تعزیراتِ پاکستان اور موٹر وہیکل آرڈیننس کی دفعات 100MVO، 279، 420، 468، 471، 506 اور 186 شامل کی گئی ہیں۔ مقدمے کے اندراج کے بعد ملزم کو حوالات منتقل کردیا گیا۔

دوسری جانب پولیس نے رات کے اوقات میں شہریوں کے سکون میں خلل ڈالنے اور صوتی آلودگی کا باعث بننے پر دو ہیوی بائیکرز کے خلاف بھی کارروائی کی۔

چیف ٹریفک آفیسر لاہور نے کہا کہ سڑکیں بلاک کرنے، خطرناک ڈرائیونگ، شور اور شہریوں میں خوف و ہراس پھیلانے والے افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی جاری رہے گی۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ خطرناک ڈرائیونگ یا دیگر خلاف ورزیوں میں ملوث افراد کی نشاندہی کریں، تاکہ ٹریفک پولیس بروقت قانونی کارروائی کرسکے۔