احسن آباد فلیٹ سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی لاشیں برآمد

کراچی کے علاقے احسن آباد میں ایک فلیٹ سے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جن میں ایک ڈاکٹر، ان کی اہلیہ اور تین بچے شامل ہیں۔

پولیس کے مطابق تمام لاشیں کئی روز پرانی معلوم ہوتی ہیں۔ اطلاع ملنے پر کرائم سین یونٹ کو موقع پر طلب کیا گیا، جہاں ماہرین نے جائے وقوعہ کا معائنہ کرنے کے ساتھ مختلف شواہد بھی جمع کیے۔

کارروائی مکمل ہونے کے بعد لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

آئی جی سندھ کے مطابق فلیٹ سے میاں بیوی اور ان کے تین بچوں کی لاشیں ملی ہیں، جن کی شناخت ڈاکٹر عمران، ان کی اہلیہ اور تین بچوں کے طور پر کی گئی ہے۔ پولیس نے واقعے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے احسن آباد کے فلیٹ سے پانچ افراد کی لاشیں ملنے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ نے واقعے کی مکمل اور شفاف تحقیقات یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی ہے۔