صاف اور سرسبز پنجاب، صحت مند معاشرے کی بنیاد ہے: مریم نواز
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ صوبے کو صاف، سرسبز اور عوام کو صحت مند ماحول فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
عالمی یومِ صفائی کے موقع پر اپنے پیغام میں مریم نواز نے کہا کہ صفائی نصف ایمان ہے، جبکہ صاف ماحول ایک صحت مند اور خوشحال معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’ستھرا پنجاب‘‘ منصوبہ ایک صاف اور صحت مند پنجاب کی تشکیل کی جانب اہم قدم ہے۔
وزیراعلیٰ کے مطابق ’’ستھرا پنجاب‘‘ اپنی نوعیت کا ایک بڑا صفائی پروگرام ہے، جس کے تحت شہری علاقوں کے ساتھ دیہی علاقوں میں بھی صفائی کا منظم نظام متعارف کرایا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ صوبے کی سڑکوں، گلیوں اور محلوں میں صفائی کی صورتحال کی نگرانی کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے بھی مدد لی جا رہی ہے۔
مریم نواز نے کہا کہ گلی محلوں کی صفائی یقینی بنانا حکومت کی ذمہ داری ہے، تاہم صفائی کو برقرار رکھنا شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے۔ ان کے مطابق ’’ستھرا پنجاب‘‘ کے تحت ماحول دوست اور دیرپا اقدامات پر توجہ دی جا رہی ہے، کیونکہ صاف ماحول بیماریوں سے تحفظ اور بہتر معیارِ زندگی کے لیے اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ کرۂ ارض کو آلودگی اور کچرے سے محفوظ رکھنا ماحول کے تحفظ کے ساتھ انسانی بقا کے لیے بھی ضروری ہے۔ گھروں اور اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنا ہر شہری کی اجتماعی ذمہ داری ہے، جبکہ کچرے کی ری سائیکلنگ، ویسٹ مینجمنٹ اور عوامی مقامات کی صفائی کے لیے بھی اقدامات جاری ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ کچرا مناسب طریقے سے ٹھکانے لگائیں، پلاسٹک کے غیر ضروری استعمال سے گریز کریں اور اپنے گھروں، گلیوں اور محلوں کی صفائی برقرار رکھنے میں اپنا کردار ادا کریں۔