سلمان خان کا کترینہ کیف پر تنقید کرنے والوں کو جواب
بالی ووڈ اداکار سلمان خان نے ساتھی اداکارہ کترینہ کیف کا نام لیے بغیر ماں بننے کے بعد ان کے وزن میں اضافے پر سوشل میڈیا میں ہونے والی تنقید کو مسترد کردیا۔
رئیلیٹی شو ’بگ باس 20‘ کی حالیہ قسط میں گفتگو کرتے ہوئے سلمان خان نے کہا کہ کچھ افراد سوشل میڈیا سے آمدن حاصل کرنے کے لیے مشہور شخصیات کی ذاتی زندگی اور ظاہری شکل کو تنقید کا نشانہ بناتے ہیں۔
اداکار کے مطابق کسی دوسرے شخص کو تضحیک کا نشانہ بنا کر پیسہ کمانا دراصل تنقید کرنے والے کی سوچ اور تربیت کی عکاسی کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ معروف شخصیات کو وزن، جسمانی ساخت، حلیے، خاندان، پیشہ ورانہ ناکامیوں اور ماں بننے جیسے ذاتی معاملات پر بھی غیر ضروری تبصروں کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
سلمان خان نے کہا کہ بچے کی پیدائش کے بعد وزن میں اضافہ ایک قدرتی عمل ہے اور اداکارہ جب دوبارہ فلمی دنیا میں واپسی کریں گی تو اپنی فٹنس پر بھی کام کرلیں گی۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ جو لوگ خود اپنی شکل و صورت سے مطمئن نہیں ہوتے، انہیں دوسروں کے وزن یا حلیے پر تنقید کرنے کا حق کیسے حاصل ہوسکتا ہے؟
گفتگو کے دوران سلمان خان نے خود کو بھی سوشل میڈیا ٹرولنگ کا سامنا ہونے کا ذکر کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عمر بڑھنے کے ساتھ انہیں بھی ظاہری شکل پر تبصروں کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور 60 سال کی عمر میں وہ ہمیشہ ’میں نے پیار کیا‘ کے نوجوان ہیرو جیسے دکھائی نہیں دے سکتے۔