راجا ناصر عباس کی حکومت کو مذاکرات کی پیشکش، سیاسی کمیٹیاں بنانے کا مطالبہ
سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر علامہ راجا ناصر عباس نے حکومت کو مذاکرات کی پیشکش کرتے ہوئے وزیراعظم سے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان سیاسی کمیٹیاں تشکیل دینے کا مطالبہ کیا ہے۔
علامہ راجا ناصر عباس کا کہنا ہے کہ دونوں جانب سے سیاسی نمائندوں پر مشتمل مذاکراتی ٹیمیں تشکیل دی جائیں تاکہ باہمی بات چیت کے ذریعے درپیش سیاسی مسائل کا حل تلاش کیا جاسکے۔
انہوں نے کہا کہ اگر سیاسی رہنما ایک دوسرے کے ساتھ بیٹھ کر معاملات پر گفتگو کریں تو کئی مشکلات اور اختلافات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جاسکتا ہے۔
اپوزیشن لیڈر نے واضح کیا کہ حکومت جب بھی مذاکرات کے لیے تیار ہو، ان کی جانب سے بات چیت کی پیشکش موجود ہے۔ ان کے مطابق حکومت آج یا مستقبل میں کسی بھی وقت مذاکرات کا آغاز کرنا چاہے تو اپوزیشن اس عمل میں شریک ہونے کے لیے تیار ہے۔