حمزہ شہباز کا فیول ریلیف مستحق افراد تک پہنچانے پر زور

سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ فیول ریلیف اسکیم کا فائدہ ہر مستحق شہری تک پہنچنا چاہیے اور کسی بھی شخص کو معلومات کی کمی یا ڈیجیٹل سہولیات تک رسائی نہ ہونے کے باعث امداد سے محروم نہیں رہنا چاہیے۔

وزیراعظم کی خصوصی ریلیف اسکیم سے متعلق جائزہ اجلاس میں حمزہ شہباز نے شرکت کی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ 28 لاکھ سے زائد افراد کی رجسٹریشن اور 15 لاکھ سے زیادہ شہریوں کا ریلیف سے فائدہ اٹھانا اہم پیش رفت ہے۔

حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ ریاست ان افراد تک بھی رسائی یقینی بنائے گی جو اپنی مدد کے لیے دستیاب نظام تک خود نہیں پہنچ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ مشکل معاشی حالات میں عوام کو فیول ریلیف فراہم کرنا حکومت کی جانب سے شہریوں کے ساتھ تعاون کا عملی اظہار ہے۔

سابق وزیراعلیٰ نے بتایا کہ وزیراعظم نے اسکیم کا دائرہ کار بڑھانے اور اس کے طریقہ کار کو مزید آسان بنانے کی ہدایت کی ہے، تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق خاندان اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔

حمزہ شہباز نے متعلقہ حکام پر زور دیا کہ رجسٹریشن، ٹوکن کے اجرا اور ریلیف کے استعمال سے متعلق اعداد و شمار کی روزانہ کی بنیاد پر آئی ٹی اور ڈیٹا کے ذریعے نگرانی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی جانب سے موصول ہونے والی آرا اور تجاویز کو سامنے رکھتے ہوئے فیول ریلیف اسکیم میں مزید بہتری لائی جائے اور آئندہ دنوں میں زیادہ تعداد میں مستحق خاندانوں تک اس کا فائدہ پہنچانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔