بنگلادیش میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا اضافہ

بنگلادیش کی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کے نرخوں میں نمایاں اضافہ کردیا ہے، جس کے بعد پٹرول کی فی لیٹر قیمت 160 ٹکا مقرر کردی گئی ہے۔

رائٹرز کے مطابق پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مجموعی طور پر 17.4 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، جس کا اطلاق آج سے ہوگا۔ نئی قیمتوں کے تحت پٹرول 140 ٹکا سے بڑھ کر 160 ٹکا فی لیٹر ہوگیا ہے۔

اسی طرح ڈیزل کی قیمت میں بھی 20 ٹکا فی لیٹر اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد اس کا نرخ 115 ٹکا سے بڑھ کر 135 ٹکا فی لیٹر ہوگیا۔ مٹی کے تیل کی قیمت بھی 135 ٹکا سے بڑھا کر 155 ٹکا فی لیٹر مقرر کردی گئی ہے۔

بنگلادیشی وزارت توانائی کے مطابق مارچ 2026 سے عالمی منڈی میں ایندھن کی قیمتیں دوگنے سے بھی زیادہ ہوچکی ہیں، جبکہ خطے میں جاری کشیدگی کے باعث نقل و حمل اور مال برداری کے اخراجات میں بھی اضافہ ہوا ہے۔

وزارت کے مطابق مارچ سے اگست کے دوران بنگلادیش پیٹرولیم کارپوریشن کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث 228 ارب 76 کروڑ ٹکا کے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔