امریکا میں گرفتار خاتون کی تصویر جینیفر لوپیز سے مشابہہ قرار
امریکی ریاست مینیسوٹا میں چوری کے الزام میں گرفتار ہونے والی ایک خاتون کی پولیس ریکارڈ کے لیے بنائی گئی تصویر سوشل میڈیا پر توجہ کا مرکز بن گئی، جس کی وجہ اس کی مشابہت امریکی گلوکارہ و اداکارہ جینیفر لوپیز سے قرار دی گئی۔
امریکی میڈیا کے مطابق خاتون کو بیٹریاں چوری کرنے کے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔ گرفتاری کے بعد پولیس نے معمول کی کارروائی کے تحت اس کی تصویر بنائی، جو بعد میں انٹرنیٹ پر گردش کرنے لگی۔
رپورٹس کے مطابق 35 سالہ سائرینا این کوسٹ کو 30 اگست کو مونٹیسیلو کے علاقے سے چوری کے مقدمے میں گرفتار کیا گیا تھا۔
پولیس ریکارڈ کی تصویر سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے خاتون کے چہرے کے خدوخال کو جینیفر لوپیز سے ملتا جلتا قرار دیا اور اس حوالے سے مختلف دلچسپ تبصرے کیے۔
خاتون کی تصویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہونے کے بعد صارفین کی جانب سے اس پر مزاحیہ ردعمل اور تبصروں کا سلسلہ بھی شروع ہوگیا۔