نوشکی میں پولیو ٹیم کی حفاظت پر مامور دو پولیس اہلکار فائرنگ سے جاں بحق
بلوچستان کے ضلع نوشکی کے علاقے کلی جمال آباد میں پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر تعینات دو پولیس اہلکار مسلح افراد کی فائرنگ سے جان کی بازی ہار گئے۔
پولیس حکام کے مطابق پولیو مہم کے دوران سیکیورٹی ڈیوٹی انجام دینے والے اہلکاروں کو نامعلوم مسلح افراد نے نشانہ بنایا۔ فائرنگ کے نتیجے میں محمد یاسر اور عبدالراوف شدید زخمی ہوئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔
حکام کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد دونوں اہلکاروں کا سرکاری اسلحہ بھی اپنے ساتھ لے گئے اور فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری علاقے میں پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں جبکہ حملہ آوروں کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
معاون محکمہ داخلہ بلوچستان بابر یوسفزئی نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ پولیو ٹیموں کو تحفظ فراہم کرنا ریاست اور معاشرے کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیو ورکرز بچوں کو ایک محفوظ اور صحت مند مستقبل فراہم کرنے کے لیے خدمات انجام دے رہے ہیں، جبکہ دہشتگرد عناصر کی کارروائیاں بلوچستان کے بچوں کے بہتر مستقبل کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے مترادف ہیں۔