سینیٹ، قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں کفایت شعاری کے نئے اقدامات

سینیٹ اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے سرکاری اخراجات میں کمی اور ایندھن کی بچت کے لیے اضافی کفایت شعاری اقدامات نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے 50 فیصد ملازمین کو گھر سے کام کرنے کی اجازت ہوگی، جبکہ سینیٹ سیکریٹریٹ کے ملازمین کے لیے صرف جمعہ کے روز ورک فرام ہوم کی سہولت دستیاب ہوگی۔ سینیٹ سیکریٹریٹ میں پیر سے جمعرات تک ملازمین کی دفتری حاضری لازمی قرار دی گئی ہے۔

اعلامیے کے مطابق گھر سے فرائض انجام دینے والے ملازمین کو ڈیلی الاؤنس اور اوور ٹائم کی ادائیگی نہیں کی جائے گی۔ اس کے علاوہ سرکاری گاڑیوں کے لیے مختص ایندھن میں 50 فیصد کمی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، جبکہ سرکاری تقریبات کے انعقاد پر مکمل پابندی ہوگی۔

کفایت شعاری پالیسی کے تحت سینیٹ اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ میں نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری بھی مکمل طور پر روک دی گئی ہے۔ غیر ترقیاتی اخراجات میں 5 فیصد کمی کی جائے گی اور اخراجات کو ماہانہ بنیادوں پر مزید محدود کیا جائے گا۔

نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ آئی ٹی سے متعلق ضروری سامان کے علاوہ دیگر پائیدار اشیا کی خریداری پر پابندی عائد رہے گی۔ اسی طرح آئندہ تین ماہ تک سرکاری سطح پر بیرون ملک دورے بھی نہیں کیے جائیں گے۔

مزید برآں، غیر ملکی وفود کی میزبانی کے علاوہ سرکاری عشائیوں کے انعقاد پر بھی پابندی عائد کردی گئی ہے۔ ان اقدامات کا مقصد سرکاری وسائل کے استعمال میں کمی اور اخراجات کو قابو میں رکھنا ہے۔