پیوٹن کا سعودی ولی عہد محمد بن سلمان سے ٹیلی فونک رابطہ
روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی، جس کے دوران مشرق وسطیٰ میں جاری صورتحال، روس اور سعودی عرب کے باہمی تعلقات سمیت مختلف اہم معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
روسی صدارتی دفتر کریملن کے مطابق دونوں رہنماؤں نے عالمی سطح پر اہم سمندری راستوں میں بحری جہازوں کی محفوظ آمدورفت برقرار رکھنے کی ضرورت پر اتفاق کیا۔
گفتگو کے دوران پیوٹن اور محمد بن سلمان نے اس بات پر زور دیا کہ خطے میں جاری کشیدگی کم کرنے اور حالات کو معمول پر لانے کے لیے سیاسی و سفارتی ذرائع ہی مؤثر اور قابلِ عمل راستہ ہیں۔
دونوں رہنماؤں نے یمن کی بگڑتی ہوئی فوجی اور سیاسی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری جنگ بندی کی ضرورت پر زور دیا۔
کریملن کے مطابق باب المندب اور آبنائے ہرمز سمیت خطے کی اہم بین الاقوامی آبی گزرگاہوں میں بحری جہازوں کی محفوظ، بلا رکاوٹ اور معمول کے مطابق نقل و حرکت کو یقینی بنانا انتہائی ضروری ہے۔