رانی مکھرجی کی والدہ کرشنا مکھرجی 75 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں
بالی ووڈ کی معروف اداکارہ رانی مکھرجی کی والدہ اور گلوکارہ کرشنا مکھرجی 75 برس کی عمر میں انتقال کرگئیں۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اہل خانہ نے ایک بیان کے ذریعے کرشنا مکھرجی کے انتقال کی اطلاع دی۔ خاندانی بیان میں بتایا گیا کہ انہوں نے آج دوپہر آخری سانس لی۔
بیان میں اہل خانہ نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرشنا مکھرجی کے انتقال کی خبر انتہائی افسوس اور بھاری دل کے ساتھ شیئر کی جارہی ہے۔ خاندان نے غم کی اس گھڑی میں مداحوں اور قریبی افراد کی جانب سے ملنے والی محبت، دعاؤں اور حمایت پر بھی اظہار تشکر کیا۔
اہل خانہ نے مداحوں سے اپیل کی کہ وہ اس مشکل وقت میں خاندان کی نجی زندگی اور جذبات کا احترام کریں۔ تاہم کرشنا مکھرجی کی آخری رسومات کے حوالے سے تاحال کوئی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
کرشنا مکھرجی کا شمار موسیقی سے وابستہ فنکاروں میں ہوتا تھا۔ انہیں 1982 میں ریلیز ہونے والی فلم ’تیسری آنکھ‘ کے معروف گیت ’عید کے دن گلے مل لے راجہ‘ کے باعث بھی پہچان حاصل ہوئی۔