وزیراعظم شہباز شریف کی کویتی ولی عہد سے ملاقات
وزیراعظم شہباز شریف نے نیویارک میں کویت کے ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد الصباح سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امور پر گفتگو ہوئی۔
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں پاکستان اور کویت کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے معاملات کا جائزہ لیا گیا۔ دونوں رہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان اور کویت کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ روابط کا حوالہ دیتے ہوئے تجارتی سرگرمیوں، سرمایہ کاری اور توانائی کے شعبے میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔
ملاقات کے دوران انسانی وسائل کی ترقی کے شعبے میں بھی دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
شہباز شریف اور کویتی ولی عہد نے علاقائی اور عالمی سطح پر ہونے والی اہم پیش رفت پر بھی گفتگو کی، جبکہ خطے میں امن و استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔