عمران خان کی 10 سال بعد فلمی دنیا میں واپسی

بالی ووڈ اداکار عمران خان نے ایک دہائی کے وقفے کے بعد دوبارہ فلمی میدان میں قدم رکھنے کا اعلان کردیا ہے۔

اداکار نے 2015 میں کنگنا رناوت کے ساتھ فلم ’کٹی بٹی‘ میں کام کیا تھا، جس کے بعد وہ اچانک فلمی سرگرمیوں سے دور ہوگئے تھے۔ اب ایک بار پھر ان کے مداح انہیں بڑے پردے پر رومانوی اور مزاحیہ انداز میں اداکاری کرتے دیکھ سکیں گے۔

’دہلی بیلی‘ سمیت دیگر فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے عمران خان اب دانش اسلم کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’ادھورے ہم، ادھورے تم‘ کے ذریعے واپسی کر رہے ہیں۔ یہ فلم رومانوی کامیڈی کے موضوع پر مبنی ہے۔

فلم کی ریلیز سے قبل عمران خان نے اپنے مداحوں سے گفتگو کے دوران نئے پروجیکٹ کی تصدیق کرتے ہوئے فلم کی نوعیت اور اپنے کردار سے متعلق بھی بات کی۔

اداکار کے مطابق ’ادھورے ہم، ادھورے تم‘ موجودہ دور کی فلموں میں محسوس کی جانے والی بعض کہانیوں اور جذباتی پہلوؤں کی کمی کے ردعمل میں بنائی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک بالغ رومانوی کامیڈی فلم ہے۔

عمران خان نے کہا کہ جو ناظرین ان کی ماضی کی رومانوی کامیڈی فلموں سے محظوظ ہوئے ہیں، انہیں نئی فلم بھی پسند آئے گی۔

انہوں نے اپنی سابقہ فلموں ’آئی ہیٹ لو اسٹوریز‘، ’بریک کے بعد‘، ’ایک میں اور ایک تو‘ اور ’میرے برادر کی دلہن‘ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نئی فلم میں ان تمام فلموں کے رومانوی کامیڈی انداز کی جھلک دیکھنے کو ملے گی اور 10 سال بعد ان کی واپسی خاص طور پر انہی مداحوں کے لیے ہے۔

فلم ’ادھورے ہم، ادھورے تم‘ میں عمران خان کے ساتھ اداکارہ بھومی پڈنیکر بھی مرکزی کردار میں نظر آئیں گی۔ فلم اس وقت پوسٹ پروڈکشن کے مرحلے میں ہے، جبکہ اسے 2026 کے آخر میں ریلیز کیے جانے کی توقع ہے اور یہ نیٹ فلکس پر پیش کی جائے گی۔