پی ٹی آئی کے ممکنہ لانگ مارچ، پنجاب حکومت کا فوج اور رینجرز کی تعیناتی کا مطالبہ

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے 27 ستمبر کو ممکنہ لانگ مارچ کے اعلان کے بعد پنجاب حکومت نے سیکیورٹی انتظامات کے لیے وفاقی حکومت سے فوج اور رینجرز کی اضافی نفری فراہم کرنے کی درخواست کردی۔

ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے وفاق کو ارسال کیے گئے خط میں راولپنڈی، اٹک، جہلم اور میانوالی میں رینجرز اہلکار تعینات کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ پنجاب کے محکمہ داخلہ نے راولپنڈی میں فوج کی تعیناتی کی بھی استدعا کی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ علاقوں میں فوج اور رینجرز کی تعیناتی 5 اکتوبر تک رکھنے کی درخواست کی گئی ہے۔ پنجاب حکومت نے یہ اقدام ممکنہ احتجاج اور لانگ مارچ کے دوران امن و امان کی صورتحال کو قابو میں رکھنے کے لیے کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فوج اور رینجرز کی تعیناتی سے متعلق معاملہ پنجاب کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف کے اجلاس میں بھی زیر غور آیا۔

ادھر ممکنہ لانگ مارچ کے پیش نظر اسلام آباد پولیس نے بھی دیگر صوبوں سے اضافی نفری طلب کرلی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس سے 16 ہزار جبکہ سندھ پولیس سے 2 ہزار اہلکار مانگے گئے ہیں، یوں مجموعی طور پر 18 ہزار اہلکار طلب کیے گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق اسلام آباد پولیس نے پنجاب اور سندھ سے مجموعی طور پر 3 ڈی آئی جیز، 7 ایس ایس پیز اور 18 ایس پیز کی خدمات بھی طلب کی ہیں تاکہ دارالحکومت میں سیکیورٹی اور امن و امان کے انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جاسکے۔