صبا فیصل طلاق سے متعلق بیان پر تنقید کی زد میں
پاکستانی اداکارہ صبا فیصل کو طلاق سے متعلق اپنے حالیہ بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی تنقید کا سامنا ہے۔
روزنامہ جنگ کی رپورٹ کے مطابق ایک پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے صبا فیصل نے معاشرے میں طلاق کے حوالے سے بدلتے ہوئے رویوں پر بات کی۔ اداکارہ کا کہنا تھا کہ ماضی میں خاندان میں طلاق کا واقعہ پیش آنے پر کئی ماہ تک غم کی کیفیت رہتی تھی۔
صبا فیصل نے بتایا کہ پہلے اگر کسی خاتون کی طلاق ہوجاتی تو اس کے والد کے لیے لوگوں کا سامنا کرنا بھی مشکل سمجھا جاتا تھا، تاہم وقت کے ساتھ معاشرتی رویوں میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔
اداکارہ کے مطابق موجودہ دور میں طلاق کے واقعات معمول بنتے جارہے ہیں۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ بعض خواتین اپنی سہیلیوں کو بتاتی ہیں کہ ان کی طلاق کو کئی ماہ گزر چکے ہیں اور وہ ذہنی سکون حاصل کرنے کے لیے بیرون ملک سے واپس آئی ہیں۔
صبا فیصل نے مزید کہا کہ معاشرے میں اس نوعیت کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے اور حالات بتدریج خراب سمت میں جارہے ہیں۔
اداکارہ کے بیان کے بعد سوشل میڈیا پر صارفین کی جانب سے مختلف آرا سامنے آئیں، جبکہ متعدد صارفین نے صبا فیصل کے مؤقف پر تنقید بھی کی۔