لانگ مارچ مؤخر ہونے تک پی ٹی آئی سے مذاکرات نہیں ہوسکتے، رانا ثنااللہ
وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنااللہ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ مؤخر کیے جانے تک حکومت کے ساتھ مذاکرات ممکن نہیں ہوں گے۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں سیکیورٹی کے پیش نظر سڑکوں کے اطراف کنٹینرز رکھے گئے ہیں، تاہم سڑکیں ٹریفک کے لیے کھلی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پی ٹی آئی قیادت کے ساتھ پسِ پردہ رابطے بدستور جاری ہیں، لیکن لانگ مارچ کی کال واپس یا مؤخر کیے جانے سے قبل باضابطہ مذاکرات نہیں ہوسکتے۔
رانا ثنااللہ نے کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ کے حوالے سے فی الحال صرف بیانات سامنے آرہے ہیں اور ان کے خیال میں عملی طور پر مارچ نہیں ہوگا۔
وزیراعظم کے مشیر نے مزید کہا کہ اسلام آباد میں کسی بھی گروہ کو زبردستی داخل ہوکر حالات خراب کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔