آئی فون 20 پرو سیریز سے متعلق نئی لیکس سامنے آگئیں

آئی فون 18 پرو سیریز کی حالیہ لانچ کے بعد ایپل کے اگلی نسل کے اسمارٹ فونز سے متعلق ابتدائی معلومات بھی سامنے آنا شروع ہوگئی ہیں۔ رپورٹس میں آئندہ سال متوقع آئی فون ماڈلز کے ڈیزائن اور ڈسپلے سے متعلق مختلف دعوے کیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اگلے سال آئی فون کی مارکیٹ میں آمد کو 20 سال مکمل ہوجائیں گے، جس کے پیش نظر ایپل کی جانب سے روایتی ناموں کے بجائے براہ راست آئی فون 20 سیریز متعارف کرانے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔

ایک تازہ رپورٹ میں آئی فون 20 پرو اور آئی فون 20 پرو میکس کے ممکنہ ڈیزائن اور اسکرین سائز سے متعلق تفصیلات بھی سامنے آئی ہیں۔ دعوے کے مطابق آئی فون 20 پرو میں 6.41 انچ کا ڈسپلے دیا جاسکتا ہے، جو آئی فون 18 پرو کے مقابلے میں قدرے بڑا ہوگا، جبکہ پرو میکس ماڈل میں 6.9 انچ کی اسکرین متوقع ہے۔

نئے ماڈلز کے ڈیزائن میں بھی نمایاں تبدیلیاں کیے جانے کا امکان ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایپل آئی فون 20 پرو سیریز میں بارڈر لیس کواڈ کروڈ اسکرین متعارف کراسکتا ہے، جو موجودہ فلیٹ ڈسپلے سے مختلف ہوگی۔

اس کے علاوہ موجودہ آئی فونز میں استعمال ہونے والے ڈائنامک آئی لینڈ کو تبدیل کرکے سیلفی کیمرے کے لیے پنچ ہول طرز کا ڈیزائن اپنائے جانے کی بھی قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔

تاہم آئی فون 20 پرو سیریز کی ممکنہ لانچ میں ابھی تقریباً ایک سال باقی ہے، اس لیے سامنے آنے والی معلومات کو حتمی قرار نہیں دیا جاسکتا۔ ممکن ہے کہ ایپل حتمی ماڈلز کی تیاری کے دوران ان ڈیزائن اور فیچرز میں تبدیلی کرے۔