ایران کی آبنائے ہرمز کھولنے کی پیشکش
ایران نے ثالثی کے ذریعے آبنائے ہرمز کی بحالی کے حوالے سے ایک منصوبہ پیش کردیا ہے۔ ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کے مطابق امریکا کی جانب سے بعض شرائط پوری کیے جانے کی صورت میں آبنائے ہرمز کو 7 روز کے اندر دوبارہ کھولا جاسکتا ہے۔
صحافیوں اور امریکی تھنک ٹینکس کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ ایران کی جانب سے پیش کی جانے والی شرائط نئی نہیں بلکہ ان ہی نکات پر مبنی ہیں جو اسلام آباد مفاہمتی یادداشت میں زیرِ بحث آچکے ہیں۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ اگر اس مفاہمت پر امریکا کے وسط مدتی انتخابات سے قبل عمل درآمد ہوجائے تو یہ زیادہ بہتر ہوگا۔ ان کے مطابق موجودہ تجاویز سابقہ معاہدے میں شامل شرائط سے مختلف نہیں ہیں۔
عباس عراقچی نے واضح کیا کہ معاہدے پر عمل درآمد کا وقت امریکا کے فیصلے پر منحصر ہے، جبکہ ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے پیش کردہ منصوبہ ثالثوں کے ذریعے آگے بڑھایا جا رہا ہے۔