چمن سیکٹر میں دراندازی کی کوشش ناکام، متعدد افغان طالبان ہلاک
پاک افغان سرحد کے چمن سیکٹر میں افغان طالبان کی جانب سے فائرنگ اور مبینہ دراندازی کی کوشش کو پاکستانی سیکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ناکام بنا دیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق افغان جانب سے کی جانے والی اشتعال انگیز فائرنگ کا پاکستانی فورسز نے مؤثر جواب دیا۔ جوابی کارروائی کے دوران افغان طالبان کی ان پوسٹوں کو نشانہ بنایا گیا جہاں سے مبینہ طور پر فائرنگ کی جارہی تھی، اس مقصد کے لیے کواڈ کاپٹرز اور مارٹر فائر کا استعمال کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کارروائی کے نتیجے میں متعدد افغان طالبان ہلاک ہوئے، جبکہ سرحد عبور کرکے پاکستان میں داخل ہونے کی مبینہ کوشش بھی کامیاب نہ ہوسکی۔
سیکیورٹی فورسز کے مطابق افغان سرزمین سے پاکستان کی حدود میں کسی بھی دراندازی یا حملے کی صورت میں فوری اور مؤثر کارروائی کے لیے فورسز مکمل طور پر تیار ہیں۔
واضح رہے کہ ایک روز قبل گلستان سیکٹر میں بھی افغان طالبان کی جانب سے مبینہ جارحیت کی کوشش کو ناکام بنانے کا دعویٰ کیا گیا تھا۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق اس کارروائی میں بھی متعدد افغان طالبان ہلاک ہوئے تھے۔