چینی صدر کا امریکا کے ساتھ تجارتی تعاون پر زور
چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین اور امریکا کے درمیان ایک نئے تجارتی انتظام پر اتفاق ہوگیا ہے، جو عالمی معیشت کے لیے مثبت پیش رفت ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وائٹ ہاؤس میں چینی صدر کے اعزاز میں دیے گئے عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے شی جن پنگ نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مسابقت کے باوجود باہمی تعاون، خلوص اور مسلسل رابطے کا سلسلہ برقرار رہنا چاہیے۔
چینی صدر کا کہنا تھا کہ چین اور امریکا کے درمیان تعاون کے بغیر دنیا کو درپیش کئی اہم مسائل کا حل تلاش کرنا مشکل ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی کمپنیوں کے لیے چینی مارکیٹ کے دروازے کھلے ہیں اور امید ہے کہ امریکا میں بھی چینی کمپنیوں کے ساتھ منصفانہ رویہ اختیار کیا جائے گا۔
شی جن پنگ نے مصنوعی ذہانت کے حوالے سے کہا کہ اس ٹیکنالوجی کو انسانی فلاح کے لیے آگے بڑھانے کی ضرورت ہے، جبکہ اس کے استعمال اور انتظام میں انسانی نگرانی برقرار رہنی چاہیے۔ ان کے مطابق چین اور امریکا کو اے آئی کی ترقی کے شعبے میں باہمی تعاون کو فروغ دینا چاہیے۔
چینی صدر نے مزید کہا کہ امریکا اور چین کو پرامن انداز میں تعلقات آگے بڑھانے چاہئیں، کیونکہ باہمی تصادم دونوں ممالک کے لیے نقصان دہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کو کسی ایسے تنازع میں الجھنے سے گریز کرنا چاہیے جو جنگ کی صورت اختیار کرسکے۔