گووندا کا گرل فرینڈ کے ساتھ مندر جانے کی وجہ بتانے پر ردعمل
بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکار گووندا نے اپنی ساتھی اداکارہ اور مبینہ گرل فرینڈ کومل رانی سورنکر کے ہمراہ ممبئی کے ایک مندر کا دورہ کیا، جس کی تصاویر اور ویڈیوز سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں شروع ہوگئیں۔
مندر کے دورے کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد گووندا نے بھارتی میڈیا سے گفتگو میں اس حوالے سے ہونے والی چہ مگوئیوں پر وضاحت پیش کی اور دورے کی اصل وجہ بتائی۔
اداکار کے مطابق مندر جانے کا تعلق ان کی نئی فلم ’روپا‘ سے ہے، جس میں کومل رانی سورنکر ان کے ساتھ مرکزی کردار میں دکھائی دیں گی۔ گووندا نے بتایا کہ وہ فلم کی کامیابی کے لیے دعا کرنے کی غرض سے مندر گئے تھے۔
گووندا کا کہنا تھا کہ وہ ماضی میں بھی اپنی ساتھی اداکاراؤں کرشمہ کپور اور روینہ ٹنڈن کے ہمراہ مندروں کا رخ کرچکے ہیں اور ان مواقع کے بعد ان کی فلموں نے کامیابی حاصل کی تھی۔
اداکار نے مندر کے دورے پر ہونے والی غیر معمولی بحث پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر ان کی نئی فلم کا آغاز ہورہا ہے اور وہ اس حوالے سے دعا کے لیے مندر گئے ہیں تو اس پر اتنی گفتگو کیوں کی جارہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر وہ مقبولیت حاصل کررہے ہیں تو اس میں کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے۔