شاہ رخ خان ایک بار پھر بھارت کے امیر ترین اداکار
بالی ووڈ اسٹار شاہ رخ خان نے ایک مرتبہ پھر بھارت کے سب سے زیادہ دولت مند اداکار کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے، تاہم تازہ رپورٹ کے مطابق گزشتہ ایک برس کے دوران ان کے مجموعی اثاثوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔
ہورن انڈیا رچ لسٹ 2026 میں شاہ رخ خان کی مجموعی دولت کا تخمینہ 10 ہزار کروڑ بھارتی روپے لگایا گیا ہے، جو انہیں ملک کے امیر ترین اداکاروں کی فہرست میں سرفہرست رکھتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2025 میں شاہ رخ خان کے اثاثوں کی مالیت تقریباً 12 ہزار 490 کروڑ بھارتی روپے تھی۔ اس حساب سے ایک سال کے دوران ان کی دولت میں تقریباً 2 ہزار 490 کروڑ بھارتی روپے کی کمی ریکارڈ ہوئی۔
شاہ رخ خان کی مجموعی دولت میں ان کی پروڈکشن کمپنی ریڈ چلیز انٹرٹینمنٹ، نائٹ رائیڈرز اسپورٹس اور دیگر کاروباری سرگرمیوں کا نمایاں حصہ شامل ہے۔
رپورٹ کے مطابق اثاثوں میں تقریباً 20 فیصد کمی کے باوجود شاہ رخ خان نے بھارت کے امیر ترین اداکار کی پوزیشن برقرار رکھی ہے۔