سعودی عرب کی جانب آنے والے 2 حوثی ڈرونز ناکام بنا دیے گئے
سعودی اتحادی افواج نے حوثی گروپ کی جانب سے سعودی عرب کی طرف بھیجے گئے دو ڈرونز کو کارروائی کرتے ہوئے فضا میں ہی تباہ کردیا۔
اتحادی افواج کے مطابق دونوں ڈرونز کا رخ سعودی دارالحکومت ریاض کی جانب تھا، تاہم انہیں ہدف تک پہنچنے سے قبل ہی روک کر ناکارہ بنا دیا گیا۔
سعودی حکام کے مطابق خمیس مشیط کی سمت فائر کیا جانے والا حوثیوں کا ایک بیلسٹک میزائل بھی فضائی کارروائی کے ذریعے تباہ کردیا گیا۔
دوسری جانب سعودی سول ڈیفنس نے خمیس مشیط کے علاقے میں ممکنہ خطرے کے پیش نظر شہریوں کے لیے الرٹ جاری کیا، جبکہ ابہا میں بھی احتیاطی طور پر خطرے کی اطلاع دی گئی۔
حکام کے مطابق دونوں علاقوں میں صورتحال پر نظر رکھی جارہی ہے اور شہریوں کو جاری کردہ حفاظتی ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی گئی ہے۔