بھارتی یوٹیوبر کے گھر سے ایک کروڑ کے زیورات اور نقدی چوری
بھارتی ریاست تامل ناڈو میں معروف یوٹیوبر مدھومیتا کے گھر مبینہ چوری کی بڑی واردات ہوئی ہے، جہاں نامعلوم ملزمان تقریباً ایک کروڑ روپے مالیت کے سونے، ہیرے کے زیورات اور نقد رقم لے کر فرار ہوگئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ ضلع کنیاکماری کے شہر ناگرکوئل کے علاقے وی آئی پی گارڈن میں پیش آیا۔ مدھومیتا یہاں اپنے شوہر ونود کمار اور بچے کے ساتھ رہائش پذیر ہیں۔ ونود کمار الائچی کے کاروبار سے وابستہ ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق چوروں نے واردات کی منصوبہ بندی کے لیے یوٹیوبر کی سوشل میڈیا سرگرمیوں سے فائدہ اٹھایا۔ تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ ملزمان نے مدھومیتا کی جانب سے آن لائن شیئر کی جانے والی معلومات، بالخصوص رہائش سے متعلق سوالات کے جوابات، سے گھر کی لوکیشن معلوم کی۔
رپورٹس کے مطابق مدھومیتا اور ان کے شوہر زیورات اور نقدی سے متعلق ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر شیئر کرتے رہے ہیں، جس سے ملزمان کو گھر میں موجود قیمتی اشیا کا اندازہ لگانے میں مدد ملنے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔
واقعے کے روز مدھومیتا اپنے اہل خانہ کے ہمراہ کپڑوں کی خریداری کے لیے گھر سے باہر گئی ہوئی تھیں۔ ان کی غیر موجودگی میں نامعلوم افراد نے گھر کے پچھلے حصے کا دروازہ کاٹ کر اندر داخل ہونے کا راستہ بنایا۔
چور گھر سے تقریباً 81 تولہ سونا، ہیرے کے زیورات اور لاکھوں روپے نقدی لے کر فرار ہوگئے۔ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔