گووندا کی اہلیہ کے بیان پر کومل رانی کا ردعمل، ازدواجی مسائل میں مداخلت کے الزام کی تردید

بالی ووڈ اداکار گووندا کی اہلیہ سنیتا آہوجا کے حالیہ بیان پر اداکارہ کومل رانی سوارنکر نے ردعمل دیتے ہوئے ان الزامات کی تردید کردی ہے کہ وہ گووندا اور سنیتا آہوجا کے درمیان ازدواجی اختلافات کی وجہ ہیں۔

سنیتا آہوجا کے بیان کے ایک روز بعد کومل رانی نے انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے نجی معاملات کو سرعام زیر بحث لانے پر سوال اٹھایا۔ ان کا کہنا تھا کہ جس گھر میں پہلے ہی دراڑیں موجود ہوں، اسے کوئی تیسرا شخص ختم نہیں کرسکتا۔

اداکارہ نے مزید کہا کہ کسی شخص کو طویل عرصے تک ذہنی دباؤ میں رکھا جاسکتا ہے، اسے پیشہ ورانہ سرگرمیوں سے دور کیا جاسکتا ہے اور دوسروں سے رابطے محدود کیے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ایک وفادار بیوی ایسا رویہ اختیار کرسکتی ہے؟ کومل رانی کے مطابق ذاتی اختلافات کو عوامی سطح پر لانا ہمدردی حاصل کرنے کی کوشش بھی ہوسکتی ہے۔

دوسری جانب سنیتا آہوجا نے جمعہ کو کولکاتا کے دکشینیشور کالی مندر کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک مشکل مرحلے سے گزر رہی ہیں۔ انہوں نے خواتین اور نوجوانوں سے حمایت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ان کا گھر کسی واضح وجہ کے بغیر بکھرتا محسوس ہو رہا ہے۔

اس سے قبل گووندا نے کومل رانی کے ساتھ لال باغ چہ راجا کے دورے کے بعد سامنے آنے والی قیاس آرائیوں پر گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر کوئی افیئر ہے بھی تو یہ ان کی ذاتی زندگی کا معاملہ ہے اور اس کا تعلق کسی دوسرے شخص سے نہیں۔