راحت فتح علی خان نے دلجیت دوسانجھ کی قوالی پیش کرنے کو سراہا

پاکستانی قوال اور گلوکار راحت فتح علی خان نے بھارتی پنجابی گلوکار دلجیت دوسانجھ کی جانب سے نصرت فتح علی خان کی معروف قوالی ’’سانسوں کی مالا پہ‘‘ پیش کیے جانے کو سراہا ہے۔

ٹورنٹو میں کنسرٹ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راحت فتح علی خان نے کہا کہ بڑے فنکار بھی نصرت فتح علی خان کا کلام پیش کرتے ہوئے دباؤ محسوس کرتے ہیں، تاہم دلجیت دوسانجھ نے اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے قوالی کو نہایت عمدگی اور خلوص کے ساتھ پیش کیا۔

انہوں نے بتایا کہ وہ دلجیت دوسانجھ کی یہ پرفارمنس دیکھ اور سن چکے ہیں اور انہیں گلوکار کی جانب سے قوالی پیش کرنے کا انداز پسند آیا۔ راحت فتح علی خان نے دلجیت کی اس کوشش کو قابلِ تحسین قرار دیا۔

دلجیت دوسانجھ نے 12 ستمبر کو لندن کے ویمبلی اسٹیڈیم میں اپنے کنسرٹ کے دوران نصرت فتح علی خان کی قوالی ’’سانسوں کی مالا پہ‘‘ پیش کی تھی۔ اس موقع پر موجود شائقین نے بھی گلوکار کا ساتھ دیتے ہوئے پرفارمنس میں بھرپور شرکت کی۔

دلجیت کی یہ پیشکش ان کے معمول کے میوزیکل انداز سے قدرے مختلف تھی۔ ان کی موسیقی میں جدید اصناف، بالخصوص ہپ ہاپ کا اثر نمایاں ہے، جبکہ وہ روایتی پنجابی لوک موسیقی کو جدید انداز کے ساتھ ملا کر عالمی سطح پر اپنی شناخت بنا چکے ہیں۔