امیتابھ بچن کے گھٹنے پر چوٹ، ’کون بنے گا کروڑ پتی‘ میں انکشاف
بالی ووڈ کے معروف اداکار امیتابھ بچن نے ’کون بنے گا کروڑ پتی 18‘ کی حالیہ قسط کے دوران بتایا کہ شو کی ریکارڈنگ کے دوران گرنے کے باعث ان کے گھٹنے پر چوٹ آگئی۔
پروگرام کے آغاز میں امیتابھ بچن نے ناظرین کو بتایا کہ گزشتہ روز ریکارڈنگ کے دوران اچانک ان کا پاؤں پھسل گیا، جس کے نتیجے میں وہ زمین پر گر گئے اور ان کے گھٹنے کو چوٹ لگی۔ اداکار نے اپنے بائیں گھٹنے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے ناظرین کو اپنی تکلیف سے آگاہ کیا۔
امیتابھ بچن عام طور پر پروگرام کا ابتدائی مونولاگ کھڑے ہوکر پیش کرتے ہیں، تاہم گھٹنے کی تکلیف کے باعث اس مرتبہ انہوں نے یہ حصہ بیٹھ کر مکمل کیا۔ ان کے مطابق چوٹ کی وجہ سے زیادہ دیر کھڑے رہنے میں انہیں دشواری محسوس ہورہی ہے۔
اداکار نے ناظرین کو یقین دہانی کرائی کہ چوٹ سنگین نوعیت کی نہیں اور وہ پروگرام کی میزبانی معمول کے مطابق جاری رکھیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ امیدواروں کے ساتھ شو کے دوران وہ کھڑے ہوں گے، تاہم ابتدائی مونولاگ بیٹھ کر کرنا اس وقت ان کے لیے زیادہ آرام دہ ہے۔