پاکستان کی دستاویزی فلم ’ہینگنگ بائی اے وائر‘ آسکرز 2027 کیلئے منتخب
پاکستان اکیڈمی سلیکشن کمیٹی نے فلم ساز محمد علی نقوی کی دستاویزی فلم ’ہینگنگ بائی اے وائر‘ کو 2027 کے اکیڈمی ایوارڈز میں پاکستان کی نمائندگی کے لیے منتخب کرلیا ہے۔
اس انتخاب کا اعلان پاکستان اکیڈمی سلیکشن کمیٹی کی ڈپٹی چیئرپرسن ثناء زہرا جعفری نے کینیڈا میں منعقد ہونے والے موزیک انٹرنیشنل فلم فیسٹیول کے دوران دستاویزی فلم کے پریمیئر کے موقع پر کیا۔
’ہینگنگ بائی اے وائر‘ کو آسکرز کی بہترین بین الاقوامی فیچر فلم کی کیٹیگری میں پاکستان کی جانب سے بھیجنے کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے کہ پاکستان نے اس کیٹیگری کے لیے کسی دستاویزی فلم کو باضابطہ طور پر منتخب کیا ہے۔
فلم کی کہانی اگست 2023 میں خیبرپختونخوا کے ضلع بٹگرام میں پیش آنے والے کیبل کار حادثے کے گرد گھومتی ہے۔ واقعے کے دوران 6 اسکول طلبہ سمیت 8 افراد دریائے جھانگری سے تقریباً 600 فٹ کی بلندی پر ایک کیبل کار میں پھنس گئے تھے۔
ریسکیو آپریشن کے دوران پاک فوج کے اہلکاروں نے ہیلی کاپٹر کی مدد سے ایک شخص کو بحفاظت باہر نکالا، جبکہ باقی افراد کی جان بچانے کے لیے زِپ لائن کے ماہرین علی سواتی اور صاحب خان کی خدمات حاصل کی گئیں۔ تقریباً 12 گھنٹے تک جاری رہنے والی مشکل کارروائی کے بعد تمام 8 افراد کو بحفاظت ریسکیو کرلیا گیا تھا۔
محمد علی نقوی نے فلم کی کہانی تحریر کرنے کے ساتھ اس کی ہدایت کاری بھی کی ہے، جبکہ بلال سمیع پروڈیوسر کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ دستاویزی فلم میں حادثے کے عینی شاہدین کی ویڈیوز، واقعے میں زندہ بچ جانے والے افراد کے انٹرویوز اور حادثے کی سنیماٹک انداز میں دوبارہ عکاسی شامل کی گئی ہے۔
’ہینگنگ بائی اے وائر‘ کا عالمی پریمیئر 2026 کے سنڈانس فلم فیسٹیول میں ورلڈ سنیما ڈاکیومنٹری مقابلے کے دوران ہوا تھا، جس کے بعد اسے ٹرائی بیکا فلم فیسٹیول میں بھی نمائش کے لیے پیش کیا گیا۔
فلم کی پاکستان میں نمائش رواں سال متوقع ہے، تاہم مقامی ریلیز کی حتمی تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا۔