اداکارہ نوال پرویز ملک رشتہ ازدواج میں منسلک

پاکستانی ٹی وی انڈسٹری کی نوجوان اداکارہ نوال پرویز ملک نے اپنی زندگی کے نئے مرحلے کا آغاز کرتے ہوئے نکاح کرلیا۔

اداکارہ نے سوشل میڈیا پر نکاح کی سادہ مگر خوبصورت تقریب کی تصاویر شیئر کرکے مداحوں کو اپنی شادی کی خوشخبری دی۔ تصاویر میں ان کے شوہر رضا بھی نظر آئے، جنہوں نے آف وائٹ کُرتے کے ساتھ کڑھائی سے مزین ویسٹ کوٹ پہن رکھی تھی۔

نکاح کے موقع پر نوال پرویز ملک نے سلور اور ہلکے سنہری رنگ کا عروسی جوڑا زیب تن کیا، جس پر بھاری کڑھائی کی گئی تھی۔ تقریب میں خاندان کے قریبی افراد اور دوست احباب نے شرکت کی۔

اداکارہ کی جانب سے شادی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کیے جانے کے بعد شوبز شخصیات اور مداحوں نے انہیں زندگی کے نئے سفر پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔