سنجے دت کی بھارت میں امن سے متعلق بیان پر وضاحت

بالی ووڈ کے معروف اداکار سنجے دت نے بھارت میں امن و امان کی صورتحال سے متعلق اپنے متنازع بیان پر وضاحت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی گفتگو دراصل اسکرپٹ کا حصہ تھی اور اسے مزاحیہ انداز میں پیش کیا گیا تھا۔

سنجے دت نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ ان کے الفاظ کو اصل پس منظر سے ہٹ کر بیان کیا گیا، جبکہ ان کا مقصد کسی شخص، برادری یا ادارے کی توہین یا دل آزاری ہرگز نہیں تھا۔

اداکار کے مطابق ان کی گفتگو کا انداز ان کی مشہور فلم ’منا بھائی‘ کے طنزیہ اور مزاحیہ انداز سے مشابہ تھا، جس کے ذریعے ’گاندھی گیری‘ کے تصور کو اجاگر کرتے ہوئے محبت، بھائی چارے، اتحاد اور خیرسگالی کا پیغام دیا گیا۔

سنجے دت نے کہا کہ شو کے دوران انہوں نے بھارت کے عوام کو محبت کرنے والے، گرمجوش اور مہمان نواز قرار دیا تھا، تاہم اسی گفتگو میں انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ انہیں اب ملک میں ماضی جیسا امن محسوس نہیں ہوتا۔

ان کے اس بیان پر سوشل میڈیا پر مختلف ردعمل سامنے آنے کے بعد اداکار نے وضاحت جاری کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ریمارکس کو ان کے اصل تناظر میں دیکھا جانا چاہیے۔