دو پاکستانی فیشن ڈیزائنرز بی او ایف 500 کی عالمی فہرست میں شامل

دو پاکستانی فیشن ڈیزائنرز زین احمد اور فراز منان نے معروف عالمی فیشن انڈیکس ’بی او ایف 500‘ میں جگہ بنا لی ہے۔

اسٹریٹ ویئر ڈیزائنر زین احمد پہلی مرتبہ اس بااثر فہرست کا حصہ بنے ہیں، جبکہ فراز منان اس سے قبل 2024 میں بھی بی او ایف 500 میں شامل رہ چکے ہیں۔

لاہور سے تعلق رکھنے والے زین احمد روایتی پاکستانی ٹیکسٹائل تکنیکوں کو جدید اسٹریٹ ویئر کے ساتھ ملا کر منفرد ڈیزائن پیش کرنے کے حوالے سے شناخت رکھتے ہیں۔

دوسری جانب فراز منان اپنے عروسی ملبوسات کے باعث شہرت رکھتے ہیں، جنہیں جنوبی ایشیا کے علاوہ مشرق وسطیٰ میں بھی پذیرائی حاصل ہے۔

بی او ایف 500 میں فیشن کے شعبے سے وابستہ ان ڈیزائنرز، کاروباری شخصیات اور ثقافتی نمائندوں کو شامل کیا جاتا ہے جنہیں عالمی فیشن انڈسٹری کی سمت اور ترقی پر اثرانداز ہونے والی اہم شخصیات سمجھا جاتا ہے۔