پنجاب کے اپنی چھت، اپنا گھر منصوبے کو عالمی اعزاز
پنجاب حکومت کے رہائشی منصوبے ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ نے عالمی سطح پر نمایاں اعزاز حاصل کرلیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے مسقط میں منعقدہ تقریب کے دوران یو این ہیبی ٹیٹ اسکرول آف آنر ایوارڈ وصول کیا۔
ذرائع کے مطابق دنیا بھر سے صرف پانچ منتخب ممالک کو اس اعزاز کے لیے منتخب کیا گیا، جبکہ میانمار کے ہٹو وینگ، برازیل کے تھیاگو باؤرمین گبرٹ، تیونس کے عبدالمالک غانم اور لندن کے میئر صادق خان بھی اسکرول آف آنر ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو تقریب میں خصوصی طور پر ریاستی مہمان کی حیثیت سے مسقط مدعو کیا گیا تھا۔ پاکستان اس سے قبل 2007 میں بھی یو این ہیبی ٹیٹ اسکرول آف آنر ایوارڈ حاصل کرچکا ہے۔
مریم نواز نے ایوارڈ وصول کرنے کے بعد کہا کہ ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ منصوبہ صرف پنجاب ہی نہیں بلکہ پاکستان کی عالمی شناخت بن رہا ہے۔ ان کے مطابق پروگرام کے ذریعے کم آمدنی والے افراد کو اپنے گھر کی سہولت فراہم کرنے میں مدد مل رہی ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے مطابق مختصر مدت کے دوران 2 لاکھ سے زائد افراد ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ منصوبے کے تحت اپنے گھروں کا قبضہ حاصل کرچکے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس منصوبے کے تحت آئندہ 5 برس میں 5 لاکھ گھروں کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا ہے اور اسے مکمل کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں۔