اسپین میں احتجاج جاری، بارسلونا میں پولیس اور مظاہرین میں جھڑپیں

مظاہرین نے بارسلونا اسٹاک ایکسچینج کی جانب بڑھنے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے انہیں آگے جانے سے روک دیا۔ اس دوران بعض مظاہرین کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر پتھراؤ کیا گیا، جس کے جواب میں سکیورٹی فورسز نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے شیلنگ کی۔

صورتحال میں تناؤ بڑھنے کے بعد حکام نے علاقے میں اضافی سکیورٹی اہلکار تعینات کر دیے۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان کئی گھنٹوں تک جاری رہنے والی کشیدگی کے باعث علاقے میں معمولات متاثر ہوئے۔

اسپین میں یہ احتجاج بنیادی طور پر رہائش کے بڑھتے اخراجات، کرایوں میں اضافے اور بے دخلی کے واقعات کے خلاف کیا جا رہا ہے۔ حکومت نے موجودہ سیاسی صورتحال کے تناظر میں قبل از وقت عام انتخابات کرانے کا اعلان کیا ہے، جو 29 نومبر کو ہوں گے، حالانکہ انتخابات پہلے آئندہ سال موسم گرما میں متوقع تھے۔

ملک بھر میں احتجاج کا سلسلہ اس وقت مزید نمایاں ہوا جب ایک معمر خاتون کو گھر سے بے دخل کیے جانے کا واقعہ سامنے آیا، جس کے بعد رہائش کے مسئلے اور بے دخلی کے خلاف مختلف شہروں میں مظاہرے شروع ہوگئے۔