ٹرمپ نے نڈال حسن کی فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے سزائے موت کی منظوری دے دی
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سابق فوجی افسر میجر نڈال حسن کی سزائے موت پر عملدرآمد فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
امریکی محکمہ دفاع کے مطابق صدر ٹرمپ نے یہ فیصلہ وزیر دفاع پیٹ ہیگستھ کی سفارش پر کیا۔ سزا پر عملدرآمد کی تاریخ اور مقام کا حتمی تعین امریکی آرمی سیکریٹری کریں گے۔
نڈال حسن نے 2009 میں ٹیکساس کے فورٹ ہڈ فوجی اڈے پر فائرنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں 13 افراد جان سے گئے جبکہ 30 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے۔ سابق فوجی ماہرِ نفسیات کو بعد ازاں فوجی عدالت میں مقدمے کا سامنا کرنا پڑا اور 2013 میں انہیں سزائے موت سنائی گئی۔
اگر نڈال حسن کی سزا پر عملدرآمد ہوجاتا ہے تو یہ 1961 کے بعد امریکی فوج میں دی جانے والی پہلی سزائے موت ہوگی۔ تاہم فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے فوجی سزا پر عملدرآمد اس سے بھی طویل عرصے بعد ہوگا، کیونکہ امریکی فوج میں آخری پھانسی 1961 میں پھانسی کے طریقے سے دی گئی تھی۔