ڈیرہ اسماعیل خان میں فائرنگ کے واقعات، ایف بی آر کے 2 اہلکاروں سمیت 4 افراد شہید

ڈیرہ اسماعیل خان میں دہشتگردی کے دو الگ واقعات میں ایف بی آر کے دو اہلکاروں سمیت 4 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

پولیس کے مطابق قریشی موڑ کے قریب ابھایہ پل پر دہشتگردوں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایف بی آر کے دو اہلکاروں سمیت 3 افراد شہید ہوئے۔ حملہ آور واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

پولیس نے جائے وقوعہ سے شواہد جمع کرنے کے بعد واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ فرار دہشتگردوں کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے۔

دوسری جانب بائی پاس کے قریب بھی ٹریفک پولیس اہلکاروں کو فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کے مطابق حملے میں ایک اہلکار شہید جبکہ دوسرا زخمی ہوگیا۔

واقعے کے بعد پولیس نے دہشتگردوں کی تلاش کے لیے علاقے میں کارروائی شروع کردی ہے، جبکہ زخمی اہلکار کو طبی امداد فراہم کی جارہی ہے۔