محسن نقوی کا وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پر نام لیے بغیر طنز، منفی سیاست پر سوال اٹھا دیا
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا نام لیے بغیر ان کی سیاسی سرگرمیوں اور حکومتی امور سے متعلق طنزیہ انداز میں سوالات اٹھا دیے۔
اسلام آباد میں کشمیر چوک انڈرپاس کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ عوام کو یہ دیکھنا چاہیے کہ ان کا منتخب نمائندہ اپنا وقت منفی سیاست میں تو نہیں گزار رہا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عوام یہ بھی جائزہ لیں کہ ایک منتخب نمائندہ ایسا ہے جو ایک ماہ سے دفتر نہیں گیا اور نہ ہی کسی اجلاس میں شریک ہوا، جبکہ دوسرا نمائندہ ایسا ہے جو ایک گھنٹے کا وقفہ کیے بغیر کام میں مصروف ہے۔
اسلام آباد میں جاری ترقیاتی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ وفاقی دارالحکومت کو موجودہ سطح کے مقابلے میں تین گنا زیادہ سرسبز بنا کر چھوڑیں گے۔ ان کے مطابق شہر میں ایسے ترقیاتی اقدامات کیے جارہے ہیں جن سے آئندہ 20 برس کی ضروریات بھی پوری ہوسکیں گی۔
محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا وژن ہے کہ ایس سی او کانفرنس سے قبل اسلام آباد کی صورت بدل دی جائے۔ وفاقی وزیر داخلہ کے مطابق دارالحکومت کو مزید سرسبز بنانا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایف نائن پارک کو لندن کے ہائیڈ پارک کی طرز پر بہتر اور خوبصورت بنایا جائے گا۔