حکومت سنجیدہ ہے تو اچکزئی اور راجہ ناصر سے رابطہ کرے: سلمان اکرم راجہ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ حکومت اگر واقعی مذاکرات میں سنجیدہ اور مخلص ہے تو محمود خان اچکزئی اور علامہ راجہ ناصر عباس سے براہ راست رابطہ کرے، کیونکہ مذاکرات کا اختیار انہی کے پاس ہے۔
اڈیالہ روڈ فیکٹری ناکے پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ پی ٹی آئی نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں حکومت کا ساتھ دینے سے کبھی انکار نہیں کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف کسی بھی آپریشن کے معاملے پر خیبرپختونخوا کا مؤقف بھی سننا ضروری ہوگا۔
پی ٹی آئی رہنما کے مطابق مذاکراتی مسودے میں ابتدائی طور پر قیدیوں کی جانب سے رحم کی اپیل کا نکتہ شامل کیا گیا تھا، تاہم حکومت نے بعد میں خود تسلیم کیا کہ اس شق کو اس انداز میں شامل نہیں کیا جانا چاہیے تھا اور مسودے میں اسی حوالے سے پہلی ترمیم کی گئی۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت، ان تک ڈاکٹرز کی رسائی اور ملاقات کا معاملہ پی ٹی آئی کے بنیادی مطالبات میں شامل تھا۔
انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کے ساتھ دوبارہ مذاکرات شروع کرنے کے حوالے سے پارٹی اجتماعی طور پر فیصلہ کرے گی۔ حکومتی عہدیداروں کی جانب سے لندن سے ڈاکٹرز بلانے سے متعلق معلومات فراہم کرنے میں تاخیر کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ اس کی وجہ یہ تھی کہ وہ پہلے پریس کانفرنس کرنا چاہتے تھے۔
پی ٹی آئی رہنما نے وزیراعلیٰ کی جانب سے مذاکرات کے دوران کی جانے والی ٹوئٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ اس سے مذاکراتی عمل پر کوئی اثر نہیں پڑتا، سیاست میں اس نوعیت کی صورتحال سامنے آتی رہتی ہے۔