ایل این جی کی سپلائی بند، نیشنل گرڈ میں بجلی کا شارٹ فال 4500 میگاواٹ سے بڑھ گیا

درآمدی ایل این جی کی فراہمی میں تعطل اور ڈیموں سے پانی کے اخراج میں کمی کے باعث ملک کے بجلی کے نظام میں طلب اور رسد کا فرق مزید بڑھ گیا، نیشنل گرڈ میں بجلی کی کمی 4500 میگاواٹ سے تجاوز کرگئی۔

ذرائع کے مطابق پیک آورز کے دوران پن بجلی کی پیداوار 6200 میگاواٹ سے کم ہوکر تقریباً 5 ہزار میگاواٹ رہ گئی ہے۔ دوسری جانب درآمدی آر ایل این جی کی سپلائی رکنے کے نتیجے میں تقریباً 6 ہزار میگاواٹ صلاحیت رکھنے والے پاور پلانٹس بھی بند ہیں۔

بجلی کی قلت کے باعث اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں 3 سے 4 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ ذرائع کے مطابق ملک میں پیک آورز کے دوران بجلی کی طلب ساڑھے 23 ہزار میگاواٹ سے زیادہ ہے، جبکہ نظام میں دستیاب بجلی 19 ہزار میگاواٹ سے بھی کم رہ گئی ہے۔

گرمی اور حبس کی شدت برقرار رہنے کے باعث اکتوبر میں بھی بجلی کی طلب میں نمایاں کمی نہیں آسکی، جس کے نتیجے میں بجلی کے نظام پر دباؤ برقرار ہے۔