راولپنڈی میں ڈینگی کا پھیلاؤ برقرار، رواں سال مریضوں کی تعداد 42 ہوگئی
راولپنڈی میں ڈینگی کے کیسز سامنے آنے کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 5 افراد میں ڈینگی کی تشخیص کے بعد رواں سال متاثرہ مریضوں کی مجموعی تعداد 42 تک پہنچ گئی۔
محکمہ صحت کے مطابق مختلف اسپتالوں میں اس وقت 12 مریض زیر علاج ہیں، جن میں سے 10 میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے۔ رواں سال ڈینگی کے باعث تاحال کسی مریض کی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی۔
حکام کا کہنا ہے کہ موسم میں مزید سردی آنے تک ڈینگی کا خطرہ موجود رہے گا۔ ڈینگی کے شبہ میں اب تک 5 ہزار 161 افراد کی اسکریننگ کی گئی، جن میں سے 4 ہزار 762 کیسز مشتبہ قرار دیے گئے۔
محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق اکتوبر میں اب تک ڈینگی کے 12 کیسز رپورٹ ہوچکے ہیں، جبکہ ستمبر کے دوران 27 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی تھی۔
ڈینگی سرویلنس کے تحت 52 لاکھ 69 ہزار سے زائد گھروں کی جانچ مکمل کی جاچکی ہے۔ اس دوران ایک لاکھ 82 ہزار 850 گھروں میں ڈینگی لاروا کی موجودگی سامنے آئی۔
لاروا کے خاتمے کے لیے جاری کارروائیوں کے دوران 2 ہزار 798 مقدمات درج کیے گئے، 686 مقامات سیل کیے گئے جبکہ ایس او پیز کی خلاف ورزی پر 2 ہزار 331 چالان بھی کیے گئے۔ خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 31 لاکھ 56 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
محکمہ صحت کے مطابق ڈینگی کی روک تھام اور نگرانی کے لیے 1400 فیلڈ ٹیمیں کام کررہی ہیں، جن میں 415 آؤٹ ڈور اور 985 ان ڈور ٹیمیں شامل ہیں۔ شہر میں ڈینگی ہاٹ اسپاٹس کی تعداد 17 ہزار 859 بتائی گئی ہے۔
گزشتہ ہفتے ڈینگی سرویلنس کے دوران 97 فیصد کوریج مکمل کی گئی۔ چکلالہ کینٹ کے سی ٹی سی 8 میں بریٹو انڈیکس سب سے زیادہ 23.94 ریکارڈ ہوا، جبکہ تخت پڑی پوٹھوہار رورل میں یہ شرح 19.96 رہی۔
ڈھوک نجّو، دھوکے بابو عرفان اور رتہ امرال کو بھی ڈینگی لاروا کے حوالے سے زیادہ خطرے والے علاقوں میں شامل کیا گیا ہے۔