پی ٹی آئی لانگ مارچ آج رات پشاور پہنچے گا، اس وقت کوہاٹ میں موجود

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی قیادت میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا لانگ مارچ آج رات پشاور پہنچنے کا امکان ہے، جو اس وقت کوہاٹ میں موجود ہے۔ مارچ کا آغاز 4 اکتوبر کو ضلع لکی مروت سے کیا گیا تھا۔

پی ٹی آئی کے مطابق لانگ مارچ کا مقصد بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات، ان کے علاج معالجے کی سہولت اور زیر سماعت مقدمات کی کارروائی شروع کرانے کے مطالبات پر آواز اٹھانا ہے۔

لانگ مارچ میں ڈیرہ اسماعیل خان، شمالی و جنوبی وزیرستان، بنوں، لکی مروت اور ٹانک سے آنے والے قافلوں نے شرکت کرنا تھی۔ تاہم سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کی قیادت میں روانہ ہونے والا بڑا قافلہ یارک انٹرچینج کی بندش کے باعث واپس لوٹ گیا اور تاحال لانگ مارچ میں شامل نہیں ہوسکا۔

مارچ کے شرکا نے پہلی رات کرک میں قیام کیا، جس کے بعد 5 اکتوبر کو قافلہ کرک سے کوہاٹ کی جانب روانہ ہوا۔

آج لانگ مارچ کوہاٹ کے مختلف بازاروں سے ہوتا ہوا کالج چوک پہنچے گا، جہاں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی شرکا سے خطاب کریں گے۔ پی ٹی آئی کے دیگر قائدین بھی اس موقع پر کارکنوں سے خطاب کریں گے۔

قائدین کی تقاریر کے بعد لانگ مارچ پشاور کی جانب روانہ ہوگا۔ رات گئے پی ٹی آئی کارکنان اور مارچ کے شرکا پشاور کے مضافاتی علاقے متنی پہنچیں گے۔

شیڈول کے مطابق 7 اکتوبر کو لانگ مارچ پشاور کی مختلف شاہراہوں سے گزرے گا اور رات کے وقت چارسدہ انٹرچینج پہنچے گا۔ وہاں سے 8 اکتوبر کو قافلہ صوابی کے لیے روانہ ہوگا۔

صوابی پہنچنے کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی لانگ مارچ کے آئندہ مرحلے کے حوالے سے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔