فیصل آباد دکانوں پر قبضہ کیس، سابق ایس ایچ او سمیت 6 ملزمان کو 3 سال قید

فیصل آباد میں کمرشل دکانوں پر قبضے سے متعلق مقدمے کا فیصلہ سنا دیا گیا، عدالت نے سابق ایس ایچ او سمیت 6 ملزمان کو تین، تین سال قید کی سزا سنادی۔

ایڈیشنل سیشن جج قمر الزمان بھٹی نے دکانوں پر قبضے کے کیس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد فیصلہ سنایا۔ مقدمے میں شہری کی دکانوں پر مبینہ قبضے اور اس معاملے میں پولیس کی مبینہ معاونت کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

عدالت نے محمد اسلم بنام علی احمد کیس میں پیش کیے گئے شواہد اور گواہوں کے بیانات کا جائزہ لینے کے بعد ملزمان کو قصوروار قرار دیتے ہوئے سزا سنائی۔

سزا پانے والوں میں تھانہ جھنگ بازار کے سابق ایس ایچ او افضل مڈھار کے علاوہ علی احمد، وسیم، طاہر، عابد اور حذیفہ شامل ہیں۔ تمام 6 ملزمان کو تین، تین سال قید کی سزا دی گئی ہے۔

مقدمے کے مطابق مئی 2023 میں کمرشل دکانوں پر قبضے کے الزام میں مذکورہ افراد کے خلاف کارروائی شروع کی گئی تھی۔

عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے فوری بعد پولیس نے پانچ ملزمان کو حراست میں لے لیا۔