بالی ووڈ کے معروف اداکار نانا پاٹیکر 75 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار نانا پاٹیکر کو جمعرات کی صبح گوا میں واقع اپنے فلیٹ میں اچانک سینے میں شدید درد محسوس ہوا، جس کے بعد فوری طور پر طبی امدادی ٹیم کو طلب کیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق میڈیکل ٹیم جب اداکار کی رہائش گاہ پر پہنچی تو نانا پاٹیکر بے ہوش حالت میں تھے۔ انہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم ڈاکٹرز انہیں بچانے میں کامیاب نہ ہوسکے۔

نانا پاٹیکر کے بیٹے ملہار پاٹیکر کے مطابق ڈاکٹروں نے صبح 5 بج کر 20 منٹ پر ان کی موت کی تصدیق کی۔

نانا پاٹیکر نے کئی دہائیوں پر محیط فلمی کیریئر کے دوران اپنی منفرد اداکاری اور جاندار کرداروں کے ذریعے بھارتی سنیما میں نمایاں شناخت بنائی۔ ان کا اصل نام وشواناتھ پاٹیکر تھا اور وہ ہندی کے ساتھ ساتھ مراٹھی فلم انڈسٹری کے بھی معتبر اداکاروں میں شمار کیے جاتے تھے۔

انہوں نے 1978 میں فلمی دنیا میں قدم رکھا اور مختلف نوعیت کے کرداروں کے ذریعے اپنی الگ پہچان قائم کی۔ ان کی مشہور فلموں میں ’پرندہ‘، ’کرانتی ویر‘، ’اگنی ساکشی‘، ’خاموشی: دی میوزیکل‘، ’اب تک چھپن‘ اور ’ویلکم‘ شامل ہیں۔

نانا پاٹیکر کی اداکاری کو بھارتی فلمی صنعت میں طویل عرصے تک سراہا گیا اور ان کے کئی کردار شائقین کے لیے یادگار بن گئے۔