حنیف عباسی کا پی ٹی آئی لانگ مارچ میں مسلح افراد کی موجودگی کا دعویٰ

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے لانگ مارچ میں مسلح افراد کی موجودگی کا دعویٰ کرتے ہوئے سیاسی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران حنیف عباسی نے کہا کہ پی ٹی آئی کو ملک میں ایک مخصوص ایجنڈے کے تحت متعارف کرایا گیا تھا اور حکومت کسی صورت 9 مئی جیسے واقعات کو دوبارہ ہونے نہیں دے گی۔

وفاقی وزیر کے مطابق پی ٹی آئی کے لانگ مارچ میں مبینہ طور پر مسلح افراد کی موجودگی کی تصاویر بھی سامنے آچکی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں کسی سیاسی جماعت کی جانب سے کسی ریاستی ادارے پر حملہ کرنے کی مثال نہیں ملتی۔

حنیف عباسی نے مزید الزام عائد کیا کہ بھارت اور افغانستان سے دہشت گرد پاکستان میں بھیجے جارہے ہیں۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ موجودہ صورتحال میں پی ٹی آئی کس کے مفادات کے لیے کام کررہی ہے اور کہیں وہ کسی کے آلہ کار کا کردار تو ادا نہیں کررہی۔

وفاقی وزیر نے خیبرپختونخوا کے عوام کو سوات آپریشن سے قبل کے حالات یاد دلاتے ہوئے کہا کہ صوبے کے عوام کو موجودہ صورتحال کے تناظر میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت خیبرپختونخوا کے عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔