انتونیو گوتریس کا دورہ پاکستان مکمل، اسلام آباد سے روانہ
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اپنا تین روزہ دورہ پاکستان مکمل کرنے کے بعد اسلام آباد سے روانہ ہوگئے۔ دورے کے دوران پاکستان کی جانب سے اقوام متحدہ کے منشور، کثیرالجہتی نظام اور عالمی امن کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
انتونیو گوتریس نے دورہ پاکستان کے دوران صدر مملکت، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں۔
صدر مملکت سے ملاقات کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو عالمی امن کے لیے ان کی خدمات کے اعتراف میں نشانِ امتیاز سے نوازا گیا۔
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کے ساتھ ملاقات میں مسئلہ کشمیر، فلسطین، افغانستان، انسداد دہشت گردی، علاقائی اور عالمی امن سمیت موسمیاتی تبدیلی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے ملاقات میں بھی عالمی اور علاقائی سکیورٹی صورتحال کے علاوہ اقوام متحدہ کے امن مشنز میں پاکستان کے کردار پر گفتگو ہوئی۔ محسن نقوی نے بتایا کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کے امن مشنز کے دوران 181 اہلکاروں کی جانوں کی قربانی دی ہے۔
اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے عالمی امن مشنز میں پاکستان کی خدمات اور نمایاں کردار کو سراہا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق انتونیو گوتریس کا دورہ پاکستان اقوام متحدہ کے منشور، کثیرالجہتی تعاون اور عالمی امن کے لیے پاکستان کے مستقل عزم کا اظہار ہے۔ ترجمان کے مطابق دورے کے دوران انتونیو گوتریس کی قیادت اور عالمی سطح پر امن کے لیے ان کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا گیا۔